اڈپی ،9؍ستمبر(ایس او نیوز) اڈپی کے ڈسٹرکٹ اور سیشنس کورٹ نے ایک خاتون کے قتل اور ڈاکہ زنی میں ملوث دو مجرموں کو سزائے عمر قید سنائی ہے۔ قتل اور ڈاکہ زنی کی یہ واردات جون 2012کو کیمانّو میں رہنے والی شکنتلا نامی خاتون کے ساتھ پیش آئی تھی۔
سیشنس عدالت سے عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں کے نام ہریش پجاری (37سال) اور سنتوش پجاری (36سال) بتائے جاتے ہیں۔کہتے ہیں کہ ہریش بہت زیادہ مالی مشکلات کا شکار ہوگیا تھااس لئے اس نے شکنتلا کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا اور جب شکنتلا اپنے گھر پر تنہا تھیں تو اس کی بڑی بہن کا فون نمبر مانگنے کے بہانے سنتوش کو اپنے ساتھ لے کر ہریش اس کے گھر پہنچاتھا۔ جب شکنتلا ڈائری میں فون نمبرتلاش کررہی تھی تو سنتوش نے پیچھے سے اس کی گردن دبوچ لی اور پھر دونوں نے مل کر اسے کمرے کے اندر گھسیٹا اور سونے کے زیورات طلب کیے۔ جب شکنتلا نے انکار کیا تو اس کے ڈوپٹے سے ہی گردن اینٹھ کر اس کا قتل کردیا اور سونے کے زیورات اور ۲ موبائل فون لے کر دونوں وہاں سے فرار ہوگئے۔اس وقت اڈپی کے سرکل انسپکٹر ایس وی گریش نے تحقیقات کرتے ہوئے مجرموں کو گرفتارکرلیاتھا۔